حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بت شکن زمان، عبد صالح، روح خدا، بانی انقلابِ کبیر، حضرت آیۃ اللہ العظمٰی السید روح اللہ الموسوی الخمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی 34ویں برسی کے موقع پر روح امام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حوزہ علمیه حضرت دلدار علی غفرانمآب(رح) لکھنؤ میں قائد ملت جعفریہ ہندوستان حجۃ الاسلام والمسلمین سید کلب جواد نقوی کی صدارت میں ایک تعزیتی جلسہ 7/ جون 2023ء بروز بدھ شام 4/بجے منعقد ہوا۔
اس موقع پر حجۃ الاسلام مولانا سید اصطفی رضا ایرانی قوم کی بعض خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم میں بعض ایسی خصوصیات ہیں جو انہیں منفرد بناتی ہیں: 1_ علم دوستی- ایران کے شہروں میں بڑی بڑی لائبریریوں کے علاوہ ہر گھر میں ایک چھوٹا سا کتابخانہ ضرور ہوتا ہے جو ان کی علم دوستی اور ذوقِ مطالعہ کو عیاں کرتا ہے۔
2_ ظلم و بربریت کے خلاف بر سر پیکار رہنا۔
چاہے وہ صدر اسلام کا دور بنی امیہ رہا ہو یا انیسویں صدی کا انقلاب مشروطہ و اسلامی انقلاب یا دور حاضر میں مغربی ممالک کی فریبانہ سیاست، ہر موقع اس قوم نے ظلم و استبداد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
قائد ملت جعفریہ ہندوستان علامہ سید کلب جواد نقوی نے اختتامی تقریر میں عالم بر حق کی صفات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی رو سے عالم وہ ہوتا ہے جو صرف اللہ سے ڈرتا اور دنیا کی کوئی طاقت اسے ڈرا نہیں سکتی۔ ایک وہ زمانہ تھا جب امریکہ دنیا کے ممالک پر دباؤ ڈالتا تھا کہ ایران کو اسلحہ نہ دو لیکن آج وہی سپر پاور کہلانے والا امریکہ دوسرے ممالک سے درخواست کرتا نظر آ رہا ہے کہ ایران سے اسلحہ نہ خریدو۔
حجت الاسلام والمسلمین کلب جواد نقوی نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے تک دنیا میں ایک تصور رائج تھا کہ اگر اپنے وجود کو باقی رکھنا ہے تو کسی بڑی طاقت سے مل کر رہنا ہی ہوگا یا روس کے پالے میں جانا ہوگا یا امریکہ کا پٹھو بننا پڑے گا لیکن امام خمینی (رح) نے اس تصور کو غلط ثابت کردیا۔ امام خمینی (رح) نے کھلے لفظوں میں اعلان کردیا:لا شرقیہ و لاغربیہ نہ ہمیں امریکہ کی غلامی قبول ہے نہ روس کے پٹھو بننا پسند ہے۔ یہ تھا خوف خدا کا عملی نمونہ کہ جس نے ساری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔